شملہ ،30؍دسمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )ہماچل پردیش کی کانگریس ممبر اسمبلی آشا کماری نے ایک عورت کانسٹیبل کو چانٹا رسیدکیا اور بدلے میں انہیں بھی یہی جواب ملا۔عورت کانسٹیبل نے انہیں بھی طمانچہ رسید کر دیا۔اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہا ہے۔اس معاملے پر کانگریس صدر راہل گاندھی کی پھٹکار کے بعد رکن اسمبلی آشا کماری نے معافی مانگ لی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگ راہل گاندھی جی کے ساتھ ایئر پورٹ سے آئے تھے۔گیٹ پر بے ترتیبی تھی، کچھ لوگ اندر جانے کے لئے زبردستی کر رہے تھے۔میں نے اپنا پاس دکھایا اس کے بعد بھی مجھے شٹ اپ کرکے دھکا دیا گیا۔میں نے جان بوجھ کر نہیں کیا بس فوری رد عمل میں ہاتھ چل گیا۔ ایسا ہوا اس کے لئے میں معافی مانگتی ہوں۔میں اس تنازعہ کو آگے نہیں لے جانا چاہتی۔ہماچل پولیس نے رکن اسمبلی آشاکماری کے خلاف شملہ کے صدر تھانے میں کیس درج کر لیا ہے۔ممبر اسمبلی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 332، 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پردیش میں ہار کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے راہل گاندھی شملہ واقع کانگریس کے دفتر پہنچے تھے۔آشا کماری ان کے پیچھے تھیں اسی درمیان کانسٹیبل کے ساتھ ان کی بحث ہونے لگی۔انہوں نے غصے میں کانسٹیبل کو چانٹا مار دیا۔اس کے بعد جو ہوا انہیں اس کی توقع نہیں رہی ہوگی۔اس کانسٹیبل نے بھی بدلے میں انہیں چانٹا مار دیا۔آشا کماری ڈلہوذی سے الیکشن جیتی ہیں اور پنجاب کانگریس کی انچارج ہیں۔